فیروز والا: بارات کی گاڑی کو حادثہ‘ دولہا کا والد جاں بحق‘ 7 زخمی
فیروزوالہ (نامہ نگار) لاہور روڈ کی آبادی ٹول پلازہ جاوید نگر کے قریب باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ، گاڑی الٹنے سے دولہا کا باپ محمد یوسف جاں بحق اور بہن بھائی سمیت سات افراد زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کرا دیا گیا بتایا گیا ہے کہ کالوکی شیخوپورہ کے رہنے والے محمد یوسف کے بیٹے علی حسن کی بارات شاہدرہ ائی تھی یہاں سے فارغ ہو کر واپس شیخوپورہ جا رہے تھے جب دولہا کے والد محمد یوسف کی کار جاوید نگر برساتی نالہ کے قریب پہنچی تو تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر کار نالہ کے پل سے ٹکرا کر نیچے جاگری جس کے نتیجہ میں محمد یوسف موقع پر ہلاک جبکہ سات افراد شہزاد احمد، الفت بی بی، ارسلان احمد دانش وغیرہ زخمی ہو گئے جن کو ریسکیو کے عملے نے طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کرا دیا۔ فیکٹری ایریا پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر لی، پولیس نے متوفی کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔