بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط عوام کی حمایت جاری رکھیں گے: صدر
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے حق خودارادیت کے حصول تک بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وہاں قابض بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم کی مذمت کی ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے وزیراعظم انوارالحق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ عالمی برادری بھارت پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے کیلئے دبائو ڈالے۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال، ترقی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ صدر مملکت نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم اور ان کی حکومت کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر صدر مملکت کو آزاد کشمیر کا دورہ کرنے اور قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرنے کی دعوت دی۔ علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان میں پن بجلی کی بے پناہ صلاحیت کو ترقی کیلئے استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قدرتی وسائل کو علاقے کی معاشی خوشحالی کیلئے مکمل طور پر ترقی دینا ہو گی۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ اور وزیر اعلی گلبر خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان کو معدنیات اور جواہرات جیسے بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے۔ ملاقات میں صدر مملکت کو گلگت بلتستان حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ انہیں گلگت بلتستان کی عوام کو درپیش مختلف مسائل بالخصوص تعلیم اور صحت کی سہولیات کی کمی اور بے روزگاری بارے بتایا گیا۔ گورنر اور وزیر اعلی نے صدر مملکت کو گلگت بلتستان کے دورے اور گلگت بلتستان اسمبلی سے خطاب کرنے کی دعوت بھی دی۔