• news

کسانوں کی آڑ میں  ذاتی سیاست چمکانے کی اجازت نہیں دیں گے‘عظمیٰ بخاری

لاہور ( این این آئی) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کے کسی نمائندے کو گرفتار نہیں کیااور نہ ہی صوبہ بھر میں کسانوں کے نمائندوں کی گرفتاریاں ہوئی ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں کسانوں کی تین سے چار تنظیمیں ہیں، پنجاب حکومت کسانوں کے حقیقی نمائندوں سے مکمل رابطے میں ہے، کچھ لوگ اپنی سیاست کی آڑ میں کسانوں کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہیں، کچھ ایسے موسمی کسان بھی بن گئے ہیں جنہوں نے مخالف سیاسی جماعت سے ہمارے مقابلے میں الیکشن بھی لڑے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ  پنجاب حکومت کسانوں کے ہر قسم کے مفاد کا تحفظ کر رہی ہے اور کرے گی بھی، کسی کو اپنی ذاتی سیاست کسانوں کی آڑ میں چمکانے کی اجازت نہیں دیں گے۔جو لوگ اپنی سیاسی دکانداری کے لیے کسانوں کا لبادہ اوڑھے ہیں ان کو کسانوں کا نام استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص جماعت اپنے لوگوں کے ذریعے گندم کے معاملے کو سیاسی رنگ دے رہی ہے، یہ جماعت کسانوں کی سب سے بڑی دشمن جماعت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن