• news

اسٹیبلشمنٹ عمران ڈیل کا علم  نہیں محسن نقوی : شکایات پر ڈائریکٹر پلسپورٹ گارڈن ٹائون سمیت پوری ٹیم تبدیل 

لاہور+ شیخوپورہ+ اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور کے پاسپورٹ آفس گارڈن ٹائون کا دورہ کیا جہاں شہریوں نے پاسپورٹ بنانے کیلئے رشوت  لیے جانے سے متعلق شکایات کیں۔ وزیر داخلہ کے دورے کے موقع پر پاسپورٹ آفس  میں موجود شہریوں نے محسن نقوی کو  پاسپورٹ بنوانے کیلئے ایجنٹ مافیا کو رقم دینے کے ثبوت دکھائے۔ گارڈ سے لے کر ہر کوئی پیسے مانگتا ہے۔ اس پر وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹر پاسپورٹ آفس سے پوچھا کہ یہ کیا ہورہا ہے؟۔ محسن نقوی نے ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سے سوالات کیے جس کے دونوں افسر جواب نہ دے سکے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ یہاں تو سب کچھ کھلے عام چل رہا ہے اور عملے کی ملی بھگت کے بغیر پیسے لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، شہریوں کو سہولت دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ محسن نقوی خراب ٹوکن مشین اور پاسپورٹ آفس کے حالات دیکھ کر برہم ہوگئے جبکہ  انہوں نے ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر تبدیل کرکے محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء کیلئے لائسنس کا اجرا کر رہے ہیں۔ روز نامہ نوائے وقت میں پاسپورٹ آفس میں جاری کرپشن اور ٹاؤٹ مافیا کی سرگرمیوں کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ آفس شیخوپورہ رانا عمران کے خلاف تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور عمرا ن خان ڈیل کا علم نہیں ہے، ای سی ایل کمیٹی نے رولز کے تحت چند لوگوں کے نام نکالے ہیں، یہ معمول کی کارروائی ہوتی ہے۔ غیر قانونی طور پر جاری ہونے والے کالے شیشوں کے تمام پرمٹ منسوخ کر رہے ہیں۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس آج سے ملک بھر کے کسی بھی حصے کے رہائشی کا اسلام آباد سے ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا کرے گی۔ وفاقی دارالحکومت کے رہائشی 70 سال سے زائد عمر کے لوگوں کا لائسنس ان کے گھر جاکر بنایا جائے گا۔ پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کی مختلف وجوہات ہیں۔ پاسپورٹ اتھارٹی کے قیام کا حامی ہوں جلد وزارت داخلہ اس حوالے سے قانون سازی کے لئے ڈرافٹ سے متعلق وفاقی کابینہ کو آگاہ کرے گی۔ وہ پیر کو ایف نائن پارک میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے موبائل لائسنس و لرننگ وینز، ٹریفک پولیس ایجوکیشن سروس کے اجراء کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔ وزیر داخلہ نے ٹریفک پولیس کی جانب سے شروع کی گئی دونوں سروسز کا باقاعدہ افتتاح کیا اور موبائل وین کا بھی معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے۔ آج ہم کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلباء کو ان کی تعلیمی اداروں میں جا کر لرنر اور لائسنس کے اجراء اور تجدید کی سہولت فراہم کرنے کی سروس کا باقاعدہ آغاز کررہے ہیں۔ اسلام آباد کو منشیات اور تجاوزات سے پاک کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ تجاوزات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ پر بھی اسلام آباد میں من و عن عمل کریں گے، کسی کو بھی تجاوزات نہیں کرنے دیں گے۔ آج صبح میں نے لاہور میں پاسپورٹ آفس کادورہ کیا جہاں پر شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے جس پر پاسپورٹ آفس کی پوری ٹیم کو تبدیل کر دیا ہے۔ عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کی ڈیل کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے، جو یہ کہہ رہے ہیں کہ آرمی چیف سے ہی بات کرنی ہے  انہی سے تفصیلات معلوم کی جائیں۔ ای سی ایل کمیٹی کی سفارش پر جو نام نکالے گئے ہیں وہ معمول کی کارروائی ہے۔ اسے کسی چیز سے منسلک نہ کیا جائے۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ یہ سہولت وین "شہریوں کی خدمت سہولت کے ساتھ " کا موٹو لئے وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو خدمات مہیا کر ے گی، اس سلسلہ میں پولیس سہولت وین کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا، شہری پولیس سہولت وین سے دن 10بجے سے لے کر شام 07بجے تک مستفید ہو سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن