بھٹوں کے خلاف مہم 170 سیل، زگ زیگ والوں کو کام کی اجازت ہو گی: مریم اورنگزیب
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) محکمہ تحفظ ماحول نے آلودگی کا باعث بننے والے اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف مہم کے دوران مختلف اضلاع میں گزشتہ 15 دنوں میں 4488 بھٹوں کے معائنے کئے ہیں۔ اس دوران ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں پر 170 بھٹے سیل کئے گئے، 705 بھٹوں کو محکمانہ نوٹسز جاری کئے گئے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب بھٹہ مالکان پر دو کروڑ 13 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا بھٹہ مالکان کو زگ زیگ ٹیکنالوجی اپنانے کے لئے ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صرف زگ زیگ ٹیکنالوجی والے بھٹوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ شہریوں کو آلودگی سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور سموگ رولز 2023ء کی خلاف ورزی سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف صوبہ پنجاب میں گرینڈ آپریشن کا آغازکر دیا گیا ہے۔ اگلے مرحلے میں صنعتوں میں دھوئیں اور زہریلے مواد کے اخراج کے معائنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔