بشریٰ بی بی جیل منتقلی کیس، عدالت کے باہر معاہدے کیلئے بات ہو رہی، سرکاری وکیل
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسٹیٹ کونسل نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ڈیل کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ عدالت عالیہ میں بشری بی بی کو بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی درخواست پر جسٹس گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔ عدالت نے بشری بی بی کے وکیل عثمان ریاض گِل کی آج پھر عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پھر کہہ رہا ہوں دونوں اطراف عدالت کے ساتھ سیاست کھیل رہی ہیں۔ اسٹیٹ کونسل نے مؤقف اپنایا کہ دونوں فریقین کی استدعا ہے کہ مزید کچھ دن کا وقت دیدیا جائے، ہماری بات چیت چل رہی ہے اور امید ہے جلد ایگریمنٹ ہو جائے گا۔ اس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے حیرانی سے استفسار کیا کہ ایگریمنٹ؟ جس پر اسٹیٹ کونسل نے بتایا کہ ہمارا دوطرفہ ارینجمنٹ ہو رہا ہے ابھی حتمی نہیں اس لیے نکات ابھی نہیں بتا سکتا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ یہ عدالت اس کیس کے زیرالتوا ہونے سے متعلق بہت فکر مند ہے، یہ رٹ فائل کرتے ہیں جب دیکھتے ہیں ریلیف ملنے لگا ہے تو پھرکھیل شروع کردیتے ہیں۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اسٹیٹ کونسل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ بھی کچھ کم نہیں ہیں۔ عدالت نے بشری بی بی کی جیل منتقلی کیس کی سماعت 2 مئی تک ملتوی کر دی۔