• news

اہل ہونے کے باوجود انکم ٹیکس نہ دینے والوں کیخلاف کارروائی، 5 لاکھ سے زائد نان فائلرز کی موبائل سمز بند کرنے کا حکم

 اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس کا اہل ہونے کے باوجود ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے  دیا ہے۔ ٹیکس نادہندگان کی سم بند کرنے کیلئے پی ٹی اے کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔ تمام ٹیلی کام کمپنیوں کو بھی ٹیکس نادہندگان کے موبائل فون سم بند کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں اور ٹیلی کام کمپنیوں اور پی ٹی اے کو عمل درآمد رپورٹ15 مئی تک جمع کرانے کا پابند کیا گیا ہے۔ ٹیکس ادا اور فائل نہ کرنے والوں کی سم بلاک کردی جائے گی اور اس سلسلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 5 لاکھ 6 ہزار 671  نان ٹیکس فائلرز کا ڈیٹا جاری کردیا۔ ایف بی آر نے یہ احکامات انکم ٹیکس آرڈیننس 2001  کی شق 114 بی کے تحت جاری کیے۔ ٹیکس نیٹ کی توسیع کے حوالے سے ایف بی آر نے ڈسٹرکٹ ٹیکس کے 145 دفاتر بھی قائم کیے تھے اور ریونیو بورڈ کو نان فائلرز کے بجلی اور گیس کے کنکشنز منقطع اور موبائل سم بلاک کرنے کے اختیارات دے دیے تھے۔ گزشتہ ماہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کے اقدامات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ٹیکس فائل نہ کرنے والے نان فائلرز کی حتمی فہرست مرتب کرنے کا آغاز کردیا تھا۔ (آئی ایم ایف ) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے ٹیکس وصولی کا دائرہ کار وسیع کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور اسی سلسلے میں ایف بی آر نے فیصلہ کیا تھا کہ جون 2024 ء تک 15 سے 20 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔ ایف بی آر نے 5 لاکھ 6 ہزار 671 ٹیکس نادہندگان کی نشاندہی کرلی ہے۔ ایف بی آر نے 5 لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد کے موبائل سمزبند کرنے کیلئے انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کردیا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق 5 لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد کی آمدن انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کے قابل ہیں لیکن یہ افراد انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کے قابل ہونے کے باجود فائل نہیں کررہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یہ افراد ایف بی آر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل نہیں ہیں،  انکم ٹیکس ریٹرنز فائل نہ کرنے والوں کے موبائل فون کنکشن کسی بھی وقت بند کیے جاسکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن