پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجنے کی تیاریاں مکمل، 3 مئی کو روانہ ہوگا
اسلام آباد(نیٹ نیوز) پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیجنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کی کور کمیٹی کے رکن ڈاکٹر خرم خورشید نے کہا 3 مئی کو 12 بج کر 50 منٹ پرپاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پربھیجا جائے گا۔انہوں نے کہا یہ مشن چین کے ہینان سپیس لانچ سائٹ سے خلا میں بھیجا جائے گا، سیٹلائٹ آئی کیوب قمرکی لانچ کو ویب سائٹ سے لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا آئی کیوب قمر کا ڈیزائن اور ڈویلپمنٹ چائنا اور سپارکو کے اشتراک سے تیارکیا، چاند کی تصاویر بنانے کیلئے آئی کیوب قمر میں دو کیمرے نصب ہیں۔ڈاکٹرخرم خورشید کے مطابق پاکستان کا سیٹلائٹ مشن چاند کے مدارکے چکر کاٹے گا اور یہ مشن سے لی جانے والی تصاویر تحقیقی مقاصد میں کام آئیں گی۔انہوں نے بتایاکہ چین کا سیٹلائٹ مشن چاند پر لینڈ کرے گا اور یہ مشن چاند کی مٹی جمع کرے گا۔