• news

مستقبل میں کامیابیاں سمیٹنے کیلئے طلباء سخت محنت کریں:سید احمد ندیم قادری 

لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) عارف ہائر سیکنڈری سکول مصطفیٰ آباد کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد عارفین ایسوسی ایشن کے بانی اور صدر لیفٹیننٹ کرنل(ر) سیداحمدندیم قادری چیف آپریٹنگ آفیسر نوائے وقت گروپ کی صدارت میں ہوا جس میں چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں کے پوزیشن ہولڈرز طلباء کو نقد انعامات اور اعزازی شیلڈز دی گئیں۔ مہمان خصوصی کرنل (ر)سید احمد ندیم قادری نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ طلباء آج جہاں بیٹھے ہیں وہاں 60 سال پہلے ہم بھی بیٹھے تھے اور آئندہ آپ لوگ اپنی محنت اور لگن سے ہماری جگہ پر بیٹھے ہوں گے۔ انہوں نے طلباء کو مستقبل میں مزید کامیابیاں سمیٹنے کی نصیحت کی۔ انہوں نے طلباء کو سخت محنت کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ زندگی ایک میراتھون ریس ہے جس میں آپ کو ساری زندگی محنت کرنا ہوتی ہے۔ انہوں نے طلبا کو سائنس ، کمپیوٹر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنے کیلئے کہا۔ کرنل قادری نے مزید کہا کہ آپ کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بارے میں ابھی سے جاننے کی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ نوع انسانی کا مستقبل اس سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے طلباء کو پڑھائی کے علاوہ اچھے کھیلوں میں حصہ لینے کی بھی تاکید کی۔ ڈاکٹر نعیم احمد خان لودھی نے کہا کہ غیر نصابی سرگرمیاں طلبا کی صلا حیتوں کو نکھارتی ہیں، طلباء کو ان میں حصہ لینا چاہیے‘ ان سے طلباء کی عمدہ شخصیت کی تعمیر ہوتی ہے۔ پر نسپل سید عامر علی نے شاندار تقریب کے انعقاد پر عارفین اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا اور بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ جنرل سیکرٹری سید امداد شاہ نے اس تقریب اور آئندہ کے پروگرام کے متعلق آگاہ کیا۔ جو ائنٹ سیکرٹری حاجی امداد فرید نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیئے جبکہ انفارمیشن سیکرٹری ذوالفقار مصطفی آبادی نے انکی معاونت کی۔

ای پیپر-دی نیشن