امریکہ میں ملزم کی پولیس پر فائرنگ، 4 افسر ہلاک،4اہلکار زخمی
واشنگٹن(این این آئی)امریکہ کی ریاست شمالی کیرولائنا میں گرفتاری سے بچنے کیلئے مطلوب ملزم نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرکے 4 پولیس افسران کو ہلاک اور چار کو زخمی کردیا۔امریکی میڈیا کے مطابق پولیس اہلکار اسلحہ رکھنے کے جرم میں مطلوب شخص کو وارنٹ دینے کیلئے پہنچے تھے کہ ملزم نے ان پر فائرنگ کردی، ملزم کی فائرنگ سے اہلکار زخمی ہوئے جس پر دیگر اہلکاروں نے ملزم کو گولی ماردی۔میڈیا کے مطابق اس دوران گھر سے بھی اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی، بعد میں پولیس نے گھر سے ایک خاتون اور کمسن کو حراست میں لے کر بندوق برآمد کرلی، واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کو پولیس افسران کے ساتھ پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے سے متعلق آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے ریاست کے گورنر سے بھی رابطہ کیا۔شمالی کیرولائنا شارلٹ میکلن برگ کے پولیس چیف جونی جیننگز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے افسران کا تعلق مختلف ایجنسیوں کے افسران پر مبنی یو ایس مارشل ٹاسک فورس سے تھا، ہلاک شدگان میں ایک ڈپٹی یو ایس مارشل بھی شامل ہے۔