• news

وکلاء کے کالا کوٹ پہننے ،ہڑتالوں کیخلاف  دائر درخواست ناقابل سماعت قرار 

لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے وکلاء کے کالا کوٹ پہننے اور ہڑتالوں کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کر دی ۔ ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے امریکی شہری سید اقتدار حیدر کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ بنچ اور بار کو جسٹس سسٹم کے دو پہیے کہنا آئین کی خلاف ورزی ہے ،اسی نعرے کی وجہ سے بارز کے دفاتر سرکاری اراضی بنائے گئے ،  وکلاء کے لئے عدالتوں میں نشستیں فراہم کی جاتی ہیں ۔کالا کوٹ یونیفارم کی وجہ سے وکلاء کو سائلین پر ترجیح دی جاتی ہے ، پرائیویٹ لائرز کو فراہم کی گئی پاسپورٹ آفس، نادرا سمیت سہولیات دیکھی جاسکتی ہیں ۔ درخواست گزار نے مزید موقف اپنایا کہ وکلاء کی ہڑتالوں، احتجاج وغیرہ سے انصاف کی فراہمی میں تاخیر ہوتی ہے ، عام درخواست گزار اور سائل کو عدالت میں اگلی نشستوں پر بیٹھنے کی اجازت نہیں ، استدعا ہے کہ عدالت صرف سرکاری وکلا کو کالے یونیفارم میں عدالتوں میں پیش ہونے کیلئے اقدامات کا حکم دے  اور بارز ملازمین کی خدمات اپنے کنٹرول میں لینے کا حکم دے ۔ تاہم عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی غیر ضروری درخواست دائر کرنے سے گریز کریں ۔

ای پیپر-دی نیشن