• news

40 فلسطینی شہید، 2 اسرائیلی فوجی ہلاک: جنگ بندی معاہدہ کے باوجود رفح آپریشن کرینگے: نیتن یاہو کی ڈھٹائی

غزہ+ قاہرہ+ دی ہیگ (آئی این پی) صیہونی فوج نے  غزہ پر حملے کرکے مزید 40فلسطینیوں کو  شہید کردیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں کے دوران صرف رفح میں 25 فلسطینی شہری شہید ہوئے۔ دوسری جانب فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں حماس کے عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں دو اسرائیلی ریزرو فوجی مارے گئے۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔  وسطی غزہ کی پٹی میں ہونے والی جھڑپ میں فوجی 37سالہ کلکدان مہر اور 28سالہ ادو ابیب مارے گئے۔ نیتن یاہو نے کہا مقاصد حاصل کئے بغیر حملے روکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ ہو بھی جائے تو رفح پر حملے میں نہیں رکیں گے۔ امریکی وزیر خارجہ سعودی عرب پہنچ گئے۔ 4 عرب ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی۔ غزہ میں جنگ بندی اور اس کے بعد بننے والی حکومت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ امریکی صدر نے قطری امیر اور مصری ہم منصب کو فون کیا۔ دونوں صدور نے جوبائیڈن  پر جنگ بندی معاہدے پر پہنچنے کیلئے پائیدار حل پر زور دیا۔ شیخ تمیم بن حمد سے جنگ بندی کیلئے بطور ثالث کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ ادھر عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کی حمایت پر جرمنی کے خلاف نکارا گوا کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ عرب میڈیا کے مطابق عالمی عدالت انصاف نے جرمنی کے حق میں فیصلہ سنا دیا اور نکارا گوا کی درخواست مسترد کر دی۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا عالمی عدالت انصاف اسرائیل کیخلاف کھلی جنگ کر رہی  ہے۔

ای پیپر-دی نیشن