• news

 استحصالی طبقہ متحد‘مزدور‘ کسان ‘عوام تقسیم ہیں:  حافظ نعیم الرحمن

لاہور(نوائے وقت رپورٹ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں استحصالی طبقہ متحد، مزدور، کسان اور عوام تقسیم ہیں۔ منظم جدوجہد سے ہی عوام کوحقوق ملیں گے، ہمارے سامنے دوراستے ہیں، حالات کو قسمت سمجھ کر قبول کرلیں یا کرپٹ نظام کے خلاف مزاحمت کریں، عوام کے خون پسینے کی کمائی سے مخصوص طبقہ عیاشیاں کرے، ایسا نہیں چلے گا۔ حکمران ایک طرف قوم کے حق پر ڈاکہ ڈالتے ہیں دوسری طرف کشکول اٹھایا ہوا ہے۔فارم سنتالیس کی بنیاد پر جعلی حکومت مسلط کردی گئی، پارٹیوں اور حکومتی عہدوں پر خاندان قابض ہیں۔مست حکمرانوں نے کسانوں کے پرامن مظاہرہ پر پولیس لاٹھی چارج کرایا‘ گرفتار کسانوں کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، اسلام ظالم کے خلاف جدوجہد کا حکم دیتا ہے، حق کے لیے زبردست مزاحمت کرنا ہوگی۔محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر منصورہ میں مزدوروں کے اعزاز میں تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہاسابقہ نگران حکومت نے ذخائر میں کمی کا بہانہ بنا کر پہلے ایک ارب ڈالر کی گندم درآمد کی، اب امدادی قیمت کم ہونے کے باوجود بھی کسانوں سے گندم نہیں خریدی جارہی، انہیں باردانہ دستیاب نہیں، غریب کاشتکار کہاں جائے،مست حکمرانوں نے کسانوں کے پرامن مظاہرہ پرپولیس لاٹھی چارج کروایا، گرفتار کسانوں کو فی الفور رہا کیا جائے، کسانوں سے مشاورت کررہے ہیں، ان کے مطالبات کے حق میں بھرپور احتجاج جاری رہے گا۔تقریب میں سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ، نائب امیر لاہور ذکر اللہ مجاہد اور امیر ضلع غربی لاہور عبدالعزیز عابد بھی شریک تھے۔ 

ای پیپر-دی نیشن