سمگلنگ معیشت کو کھارہی، کوسٹ گارڈ روک سکتے ہیں:وزیر داخلہ
اسلام آباد+ کراچی (اپنے سٹاف رپو رٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سمگلنگ ملکی معیشت کو کھا رہی ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز سمگلنگ کو روک سکتے ہیں۔ اس وقت ملک کو بڑا درپیش مسئلہ معیشت ہے اور کوسٹ گارڈز کا معیشت سے براہ راست تعلق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کوسٹ گارڈز ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر افسروں و جوانوں سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس وقت 40 سے 50 کروڑ روپے کی ریکوری کو 5سے6 ارب روپے یا اس سے زیادہ پر لے جائیں گے تو بہتری آئے گی، کوسٹ گارڈز کا محدود وسائل کے باوجود کام قابل تحسین ہے۔ ہم کوسٹ گارڈزکے بنیادی مسائل حل کریں گے۔ قبل ازیں وزیر داخلہ کے پاکستان کوسٹ گارڈز ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز بریگڈیئر غلام عباس نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے یاد گار شہداء پر پھولو ں کی چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں وزیر داخلہ کو پیشہ ورانہ امور پر بریفنگ دی گئی جس میں خصوصا کوسٹ گارڈز کی ذمہ داریاں نبھانے اور سمگلنگ خصوصا انسداد منشیات کی روک تھام بارے ان کی کاوشوں کا ذکر کیا گیا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے پاکستان کوسٹ گارڈزکو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن مدد اور درکار وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے ادارے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ وزیر داخلہ بعد ازاں ایک اجلاس بھی ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ سمیت اعلیٰ افسر شریک ہوئے۔ وزیر داخلہ نے کوسٹ گارڈز کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے وفاقی وزیر داخلہ سے ملاقات کی، امن و امان کی قیام میں سکیورٹی اداروں کے کردار اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں امن و امان کے قیام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ جرائم کیخلاف بلاتفریق اقدامات یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جرائم کے خاتمے کے لئے وفاق و صوبہ ایک پیج پر ہیں۔ شہر قائد سے سٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات ضروری ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔