بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کا ٹاسک دیا،فضل الرحمن سے دھاندلی نہیں دھوکہ ہوا۔علی امین گنڈاپور
پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے کا کہنا ہے کہ کوئی بات ہوگی تو سب کے سامنے ہوگی اور کوئی بات چیت کسی سے چھپ کر نہیں ہوگی۔ پشاور میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمیں سپورٹ کرتے ہیں تو شکریہ ادا کرتے ہیں اور مولانا صاحب اگر سمجھتے ہیں کہ مینڈیٹ چوری ہوا ہے تو میں حاضر ہوں، مولانا صاحب کا مینڈیٹ چوری نہیں ہوا، ان کے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو پتا ہے مینڈیٹ چوری ہوا ہے، چوری ہونے اور دھوکے میں فرق ہے، کچھ لوگوں کے ساتھ ڈیل کی گئی، ان کو فارم 47 کے ذریعے جتوایا گیا اور اگر آپ کو نہیں جتوایا گیا تو ان سے پوچھ لیں۔ وزیر اعلیٰ خیر پی کے کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے بات چیت کا ٹاسک دیا ہے، کوئی بات ہوگی تو سب کے سامنے ہوگی، کوئی بات چیت کسی سے چھپ کر نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے نہ کبھی ڈیل کی ہے اور نہ ڈیل کے حق میں ہیں، یہ نہ سوچیں کہ وہ کرسی کیلئے ڈیل کریں گے۔ پنچاب پولیس میں ریفارمز کی ضرورت ہے، وردیاں پہننے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں کچھ کہتا ہوں تو سارے پیچھے پڑ جاتے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت میں معاشی اور روزگار کی کیا صورتحال تھی؟۔ پی ڈی ایم کی پہلے کیا کارکردگی تھی اور اب کیا ہے؟۔ باتوں اور ٹک ٹاک سے کچھ نہیں ہوتا، پنجاب پولیس الیکشن میں بدترین دھاندلی میں آلہ کار بنی رہی، پنجاب پولیس میں ریفارمز لاکر ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔