درجہ اول آئل، گھی کی قیمت میں 20 روپے اضافہ، سگریٹ بھی مہنگے
لاہور (کامرس رپورٹر) اوپن مارکیٹ میں درجہ اول آئل اور گھی کی قیمت میں 20روپے اضافہ کر دیا گیا۔ مختلف برانڈز کے سگریٹس کی قیمتیں بھی بڑھ گئیںجبکہ بعض برانڈز کی بلیک میں فروخت جاری ہے۔ درجۂ اول آئل کی قیمت 20روپے اضافے سے 539روپے جبکہ گھی کی قیمت 520روپے کلو ہو گئی۔ 100 روپے اضافے سے آئل کی پانچ پیکٹ کی پیٹی 2695 جبکہ گھی کی پانچ پیکٹ پیٹی کی قیمت 2600 روپے ہو گئی۔ دوسری جانب مختلف برانڈز کے سگریٹس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ 30سگریٹس کا پیکٹ 20روپے اضافے سے 200روپے، 25سگریٹس والا پیکٹ 20روپے اضافے سے180روپے، ایک دوسرے برانڈ کا 30سگریٹس والا پیکٹ 20روپے اضافے سے 180روپے، 25سگریٹس والا پیکٹ 20روپے اضافے سے 160 روپے ہو گئی۔ درجہ اول برانڈ کے سگریٹس کی مارکیٹ میں بلیک میں فروخت جاری ہے اور فی پیکٹ 20 سے 30 روپے اضافی وصول کئے جارہے ہیں۔