سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی تعاون معاہدے کی منظوری دیدی
ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے ولی عہد ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں کابینہ کے ہونے والے اجلاس میں مقامی امور سے متعلق متعدد رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس موقعے پر متعدد معاہدوں کی سرکاری سطح پر منظوری دی گئی جن میں پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں اور سعودی عرب کے سٹیٹ سکیورٹی ادارے کے درمیان دو طرفہ تعاون کے معاہدے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میںسعودی وژن 2030" کے اقدامات اور اشاریوں میں بہتری کے ساتھ اہداف کی بھی تعریف کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وژن 2030 کے شروع کئے جانے کے آٹھویں سال میں مختلف سطحوں پر کامیابیاں حاصل کیں جن میں تعلیم، صحت، رہائش اور بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنا، قومی معیشت کے تنوع کی رفتار کو تیز کرنا، امید افزا شعبے کی ترقی، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے علاوہ سب کے لیے معیار زندگی کو بہتر بنانا جیسے شعبوں میں وضع کردہ اہداف پورے ہوئے ہیں۔