رحم کا کینسر، پنجاب حکومت کی طرف سے خواتین کی مفت ویکسی نیشن کا فیصلہ
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پنجاب حکومت نے خواتین کے رحم کے کینسر کی روک تھام کیلئے فری ویکسی نیشن کا فیصلہ کر لیا۔ رحم کا کینسر لاعلاج مرض ہے اور اس کی وجہ سے پاکستان میں ہر سال تین لاکھ خواتین زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں جبکہ اس کی وجہ سے بانجھ پن کا بھی شکار ہوتی ہیں۔ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے خواتین کے رحم کے کینسر کے بڑھتے ہوئے کیسز پر قابو پانے کیلئے فوری مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہوم ورک مکمل کر لیا گیا اور بہت جلد اس کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔ حکام کے مطابق یہ ویکسی نیشن 9 سال سے 15 سال تک کی لڑکیوں کو پلوائی جائے گی۔ رواں سال ہی اس کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔