شیخوپورہ میں ایرانی تیل سمگلر مافیا کے 6 بڑے ڈیلرز کا انکشاف
شیخوپورہ (سلطان حمید راہی سے) وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق شیخوپورہ میں تیل سمگلر مافیا کے 6بڑے ڈیلروں کا انکشاف ہوا ہے جو اربوں روپے مالیت کا سمگل شدہ ایرانی تیل شیخوپورہ کے علاقہ ماچھیکے میں فروخت کر رہے ہیں اور ان سمگلروں نے ماچھیکے میں اپنے پرائیوٹ ڈپو بھی بنا رکھے ہیں۔ اس کے علاوہ خوشاب، رحیم یار خان میں بھی ایرانی سمگل شدہ تیل کی فروخت کا دھندا عروج پر ہے۔ پولیس، کسٹم اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں چھپے بعض لوگ تیل سمگلر مافیا کے سہولت کار ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ایرانی تیل کی غیر قانونی سمگلنگ کرنے والے عناصر کیخلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شیخوپورہ کے مختلف اداروں میں غیر قانونی طو ر پر لائے گئے ایرانی تیل کی وسیع پیمانے پر سمگلنگ کا دھندا جاری ہے۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران محکمہ کسٹم انٹیلی جنس نے شیخوپورہ کے علاقہ ماچھیکے میں اربوں روپے کا ایرانی سمگل شدہ تیل پکڑا تھا۔ بااثر تیل مافیا نے دھندا روکنے کی بجائے اسے مزید تیز کر دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شیخوپورہ سرگودھا روڈ ماچھیکے میں پنجاب کے مختلف پٹرولیم کمپنیوں کے ڈپو موجود ہیں جہاں سے پنجاب کے مختلف اضلاع کو پٹرول، ڈیزل سپلائی کیا جاتا ہے۔