منی پور میں خواتین نے11 مسلح افراد کو فورسز کی حراست سے چھڑالیا: میڈیا رپورٹ
امپھال(این این آئی)بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں قبائلی خواتین نے11 مسلح افراد کو فورسز کی تحویل سے چھڑالیا۔ بھارتی فوج کی 2 مہر رجمنٹ نے 11 افراد کو بھاری اسلحے کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ میتئی قبیلے کی خواتین نے ان تمام افراد کو چھڑانے کے لیے حراستی مرکز پر دھاوا بول دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے معمول کے گشت کے دوران چند گاڑیوں کو روک کر تلاشی لی اور ان میں سوار افراد کو حراست میں لیا۔ ان تمام افراد نے پولیس کی وردی پہن رکھی تھی۔ ان کے پاس سے اے کے 47 رائفلز، دیگر جدید رائفلز، دستی بم اور خود کش جیکٹس ملی تھیں۔فورسز کی گاڑیاں دیکھ کر پولیس کی وردی میں ملبوس یہ مسلح افراد ہتھیار چھوڑ کر بھاگ نکلے تھے تاہم بعد میں انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ اس کے کچھ ہی دیر میتئی قبیلے کے ایک سول گروپ مائیرا پائبس کی خواتین ارکان وہاں پہنچیں جہاں اِن لوگوں کو رکھا گیا تھا۔خواتین نے فورسز سے مطالبہ کیا کہ ہتھیار واپس کیے جائیں اور جب تک کوکی قبیلے سے تنازع ختم نہیں ہو جاتا کوئی ہتھیار ضبط نہ کیے جائے۔