• news

نوازشریف کا دورہ چین  ملک میں نیا معاشی انقلاب لائے گا: عارف سندھیلہ 

شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کا چین  کا دورہ پاکستان میں نیا معاشی انقلاب لائے گا۔ میاں نواز شریف پاکستان کو معاشی طور پر ایشیئن ٹائیگر بنانے کے اپنے ویژن کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں اور یہ دورہ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ اپنے ایک بیان میں محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ سی پیک کے آغاز کے وقت بھی چین کی حکومت نے میاں نواز شریف پر بھرپور اعتماد کیا اور اس تاریخ ساز معاہدہ کی تکمیل یقینی بنائی اور اب بھی دو طرفہ معاشی تعلقات کے فروغ کیلئے میاں نواز شریف سے ہی بات چیت کی گئی ہے جسے جتنا سراہا جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی تقدیر بدلنے کا وقت آگیا ہے۔ قوم کے حقیقی مسیحا میاں محمد نواز شریف ملک کو معاشی میدان میں ترقی یافتہ بنانے کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں اور وہ اپنے اس ویژن کو عملی جامہ پہنا کر دم لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن