ملک انس کی ملاقات،نوجوان قیادت کا اسمبلی آنا خوش آئند: سید احمد ندیم قادری
لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ ) مسلم لیگ ن کے نو منتخب رکن پنجاب اسمبلی ملک انس محمود نے نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ افسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سیاسی رہنما محمد بلال بھٹی اور سینئر صحافی خاور عباس سندھو بھی موجود تھے۔ کرنل (ر)ندیم قادری نے الیکشن میں پہلی بار حصہ لینے اور کامیابی سے سیاسی سفر شروع کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پڑھی لکھی اور نوجوان قیادت کا اسمبلی میں آنا نہایت خوش آئند ہے۔ انہوں نے رکن اسمبلی کو حلقہ کے غریب طلباء کیلئے وظائف ، غریب بیمار افراد کے علاج معالجہ کیلئے پاکستان بیت المال سے فنڈز کی فراہمی اور شہروں کی صفائی ستھرائی، شجرکاری سمیت ٹریفک نظام میں نظم و ضبط اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے بطور عوامی نمائندہ اپنا کردار ادا کرنے کی تجاویز دیں۔ رکن اسمبلی ملک انس محمود نے تجاویز کو سراہا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے منصب سنبھالتے ہی صوبہ میں صفائی ستھرائی مہم ، صاف پانی کی فراہمی سمیت متعدد ہنگامی اقدامات اٹھائے ہیں۔ صوبہ میں عوام کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی اور خاص کر حلقہ کے عوام کی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔ نوائے وقت کی ملک و قوم کیلئے خدمات قابل تعریف ہیں۔ یہاں آ کر ایسا محسوس ہوا جیسے گھر میں بیٹھا ہوں۔ 32 سالہ نوجوان ایم پی اے ملک انس پڑھے لکھے سیاسی گھرانے کے چشم و چراغ اور خود لا ء گریجویٹ ہیں جنہوں نے پنجاب میں پہلی بار الیکشن لڑ کر کامیابی سے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔