مزدور سب سے بڑی قوت ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے دن رات کوشاں : میاں زاہد
لاہور (کامرس رپورٹر) سمال ٹریڈرز اینڈ جنرل سٹورز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین میاں محمد زاہد نے کہا ہے کہ پاکستان کے مزدور سب سے بڑی قوت ہیں جو ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ ملوں فیکٹریوں اور کارخانوں کے مالکان ان کی دن رات کی محنت سے اربوں کمار کر پرتعیش زندگی بسر کر رہے ہیں لیکن پاکستان کا مزدور آج بھی اپنے بنیادی حقوق سے محروم اور قسم پرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے اس کو ناتو اس کی محنت کا پورا معاوضہ ملتا ہے اور نہ ہی قانون کے مطابق اجرت ادا کی جاتی ہے۔ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرنے والے سرمایہ داروں کے زرخرید غلام کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اگر مزدور چاہتے ہیں کہ ان کی تقدیر بدلے اور ان کے حقوق کو پورا تحفظ حاصل ہو تو ان کو متحد ہونا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بند روڈ پر یوم مزدوراں کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رشید خان، ڈاکٹر عمران نواز، میاں خالد منشاء شاہین، سلامت بھٹی، طالب حسین، عثمان نورانی، شہزاد علی شیخ سمیت کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھیں۔
میاں محمد زاہد کا کہنا تھا کہ یکم مئی کے دن روایتی بیان اور مزدوروں کی عظمتوں کو سلام پیش کرنے کے بجائے اعلیٰ حکام کو عملی اقدامات کرنے چاہئے۔ ملک میں بننے والی ہر حکومت نے مزدوروں کا استحصال کیا۔ مطالبہ کرتے ہیں کہ سرکاری اور پرائیویٹ اداروں میں موجود مزدوروں کی تنخواہ کم از کم 50 ہزار مقرر کی جائے۔