• news

الحمراء میں لیبرڈے کی مناسبت سے ڈرامہ ’’اوئے چھوٹے‘‘ پیش 


لاہور(کلچرل رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمراء کے زیر اہتمام لیبرڈے کی مناسبت سے ڈرامہ ’’اوئے چھوٹے‘‘ پیش کیا گیا۔سیکرٹری لیبر و افرادی قوت پنجاب محمد نعیم غوث مہمان ِ خصوصی تھے۔ ڈرامہ کو ڈاکٹراحمد بلال نے تحریر کیا۔پروڈیوسر عائشہ بلال جبکہ ڈائریکٹر میاں احمد تھے۔ڈرامہ کی کہانی میں چائلڈ لیبر جیسے سماجی ایشو کو موثر انداز میں پیش کیا گیا۔ آرٹسٹوں کی پرفارمنس دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی۔’’اوئے چھوٹے‘‘ میں بچوں کے حقوق و انکے سماجی تحفظ کو بھرپور انداز میں اْجاگر کیا گیا۔


سربراہ الحمراء طارق علی بسرا نے اس موقع پر کہا کہ لیبر ڈے مزدوروں کی قربانیوں کے اعتراف کا دن ہے۔ قوموں کی تیز رفتار،جامع و پائیدار ترقی و خوشحالی محنتی و پرعزم افرادی قوت کی مرہونِ منت ہے۔ زندگی کی چمک دمک میں محنت کش کا مرکزی کردار ہے۔ چائلڈ لیبر کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔ بچوں کے پڑھنے لکھنے کے موقع ملنے چاہیے۔ڈرامہ میں فنکاروں میاں احمد، اْسامہ بٹ، سلمان،جنید کامران، مناحل،سارہ،وقاص، واسع،احمد چوہدری، سارہ عمران، نازیہ و دیگر نے پرفارم کیا۔بڑی تعداد میں شائقین نے ڈرامہ دیکھا اور آرٹسٹوں کی پرفارمنس کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن