چیمپئنز ٹرافی: بھارتی ٹیم کے میچز ایک ہی شہر میں رکھنے کی تجویز
لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئندہ سال پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے میچز ایک ہی شہر میں رکھنے کی تجویز آئی سی سی کو بھیج دی گئی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کا ابتدائی ڈرافٹ شیڈول آئی سی سی کو بھیج چکا ہے، چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان کے 3 وینیوز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہونگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 ء کے مجوزہ شیڈول میں بھارتی ٹیم کا سفر کم رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔پہلے راؤنڈ میں بھارتی ٹیم کے میچز ایک ہی شہر میں رکھنے کی بھی تجویز ہے۔تجویز کا مقصد پاکستان میں قیام کے دوران بھارتی ٹیم کا ٹریول کم رکھنا ہے، ابتدائی شیڈول پر اب آئی سی سی دیگر ممالک سے فیڈ بیک لے گا۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 فروری میں پاکستان میں ہونی ہے۔