• news

سرمایہ کاری کو محفوظ ماحول دینگے، مریم نواز: پنجاب حکومت کے ساتھ مزید کام کرنا چاہتے ہیں، امریکی سفیر

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔ ڈونلڈ بلوم نے پہلی خاتون وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مریم نواز شریف کو مبارکباد دی۔ امریکی سفیر نے عوام دوست پراجیکٹس پر تیزی سے عملدرآمد کرانے کیلئے وزیراعلیٰ کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ وزیراعلیٰ مریم نوازکی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی قابل ستائش ہے۔ ڈونلڈ بلوم نے کہاکہ امریکہ غربت کے خاتمے اور اقتصادی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ مزید کام کرنا چاہتا ہے۔ مریم نوازشریف نے کہاکہ امریکہ اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔ پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ماحول فراہم کریں گے۔ ایگریکلچر، انڈسٹری اور آئی ٹی کے شعبہ میں امریکہ کے اشتراک کار کا خیر مقدم کریں گے۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کا پوٹینشل موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو معاشی بحران سے ایک مستحکم حکومت ہی نکال سکتی ہے۔ حکومتی معاشی پالیسیوں سے مہنگائی میں کمی آ رہی ہے۔ عوام کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات اور سستی روٹی فراہم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔ عوام کو بنیادی حقوق اور بنیادی ضروریات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ دوسری جانب مریم نواز شریف نے پہلی چیف منسٹر پنک گیمز 2024 کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پلیئرز کے لئے’’آل دی بیسٹ‘‘ کہتے ہوئے پنک گیمز کا آغاز کیا۔ پنک گیمز کی افتتاحی تقریب میں 16یونیورسٹیوں کی کھلاڑی خواتین نے مارچ پاسٹ کیا۔ والی بال پلیئر زینت وقار نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو مشعل پیش کی۔ افتتاحی تقریب میں لیزر لائٹ شو، کلچر ل شو اور بھنگڑے پیش کیے گئے۔ مریم نوازشریف نے پنک گیمز کی انعامی رقم میں سو فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پلیئرز کو 50لاکھ کی بجائے1کروڑ روپے دیا جائے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبائی وزیر کھیل کو پنک گیمز میں حصہ لینے والی فی میل کھلاڑیوں کی بہترین مہمان نوازی کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اپنے خطاب میں بچیوں کو دو بار آئی لو یو کہا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پورے پنجاب سے کھیلوں میں حصہ لینے کے لئے 1300بچیاں آئی ہیں، یہ بہت بڑی تبدیلی ہے۔ ماشاء اللہ کھلاڑی بچیوں کی فٹنس دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی۔ والدین کو شاباش دیتی ہوں کہ انہوں نے بچیوں پر اعتماد کیا اور انہیں کھیلوں میں حصہ لینے کے لئے بھیجا۔ بچیوں کی کامیابی میں اللہ تعالی کے بعد والدین کا دست شفقت ہوتا ہے۔ بیٹی اللہ کی رحمت ہوتی ہے، ان کی بیٹیوں کی پوٹینشل دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ بیٹا کرکٹر بننا چاہتا ہے تو بن جاتا ہے، بیٹی کرکٹر بننا چاہے تو پوچھا جاتا ہے کہ کیوں؟ بیٹا اتھلیٹ بننا چاہتا ہے تو اسے ٹریننگ دلوائی جاتی ہے، بیٹی اتھلیٹ بننا چاہے تو پوچھتے ہیں کہ یہ کیوں کررہی ہے۔ بیٹا چیف منسٹر پنجاب بن سکتا ہے تو بیٹی کیوں نہیں بن سکتی۔ میرا وزیراعلی بن جانا میری فتح نہیں بلکہ آپ سب خواتین کی فتح ہے، آپ وزیراعلی ہیں۔ اللہ تعالی اتنی کامیابیاں عطا کرے کہ والدین آپ اپنا فخر سمجھیں۔ وزیراعلی بن کر وعدہ کیا تھا کہ پنجاب کی ہر بیٹی کی کامیابی کے لئے راہ ہموار کروں گی۔  مریم نواز شریف کی زیر صدارت پولیو اور سائٹ بورڈ اجلاس میں پنجاب میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے مشترکہ موثر کاوشوں پر اتفاق کیا گیا۔ پولیو کے خلاف مہم کو مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب کو مکمل طورپر پولیو فری بنانے کے لئے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب میں دیگر علاقوں سے آنے والے بچوں کی ویکسی نیشن یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے ڈبلیو ایچ او اور دیگر اداروں کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب کو مکمل طورپر پولیو فری بنانا ہمارا عزم ہے۔ ویکسی نیشن مہم کی ذاتی طورپر مانیٹرنگ کررہی ہوں۔ فوری ہنگامی رسپانس کے ذریعے ہی پولیو کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ عوام کی صحت اور علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی پر پوری توجہ دے رہے ہیں۔ دور دراز دیہات کے عوام کے لئے فیلڈ ہسپتال اور گنجان اربن ایریا کے لئے 200کلینک آن ویل پراجیکٹ شروع کئے گئے ہیں۔  مہم کے دوران پولیو ورکرز کی سیفٹی اور سکیورٹی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ پولیو کے حوالے سے کمزور انڈیکٹری والے اضلاع پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ نمائندہ ڈبلیو ایچ او نے کہاکہ پنجاب میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے مثبت رسپانس کی توقع ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لئے حکومت پنجاب قابل قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ علاوہ ازیں  مریم نواز شریف نے ہر ضلع میں ویسٹ مینجمنٹ سسٹم لانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایل ڈبلیو ایم سی کے روڈ شو میں شرکت کی اور باقاعدہ آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ کی آمد پر ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز نے تالیاں بجا کر استقبال کیا۔ مریم نوازشریف کو ورلڈ وائلڈ فنڈ فار نیچر کے سٹال پر ری سائیکلنگ کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ مریم نوازشریف نے سٹال پر موجود لوگوں سے گفتگو کی اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے زیر استعمال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں لاہور میں جابجا پڑے ہوئے کوڑے کے ڈھیر دن بدن بڑھ رہے تھے۔ لاہور سمیت ہر شہر میں ویسٹ مینجمنٹ سسٹم لارہے ہیں۔ چار ماہ میں ہر گھر کی دہلیز سے کوڑا اٹھانے اور صفائی کا بہترین نظام نافذ کرنا چاہتے ہیں۔  لاہور کو بہترین بنائیں گے اور دیگر 36اضلاع کو چمکائیں گے۔ لوگ کہتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت آتی ہے تو لاہور سمیت ہر شہر چمکتا ہے۔ اربن اور رورل دونوں علاقوں کیلئے صفائی کا بہترین نظام لائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن