مسلم لیگ ن خاندان کی طرح: نوازشریف، مریم نواز کی والد کے ساتھ سائرہ افضل تارڑ سے تعزیت
لاہور+ حافظ آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ مریم نواز پارٹی قائد نواز شریف کے ساتھ رہنما مسلم لیگ (ن) اور ممبر قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ کی رہائش گاہ پہنچ گئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف نے سائرہ افضل تارڑ سے ان کے والد اور پارٹی رہنما افضل تارڑ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور محمد نواز شریف نے افضل تارڑ مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانیکی۔ مریم نواز نے سائرہ افضل تارڑ اور دیگر اہل خانہ کو دلاسہ دیا۔ نواز شریف نے سائرہ افضل تارڑ کو سر پر ہاتھ رکھ کر دلاسا دیا اور صبر کی تلقین کی۔ مریم نواز شریف اور محمد نواز شریف نے افضل حسین تارڑ کی عوامی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ افضل حسین تارڑ میرے دیرینہ دوست اور سرگرم پارٹی رکن تھے۔ افضل تارڑ نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی، دلوں میں رہیں گے۔ مسلم لیگ (ن) خاندان کی طرح ہے، پوری پارٹی افضل حسین تارڑ کی وفات پر رنجیدہ ہے۔ افضل حسین ایک سچے پاکستانی اور بہترین لیگی کارکن تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرحوم افضل تارڑ قائد محمد نوازشریف کے بااعتماد اور وفاشعار ساتھی اور شفیق بزرگ تھے۔ آمریت کا دور ہو یا دور اقتدار، افضل تارڑ ہمیشہ وفادار ساتھی کی طرح پارٹی کے ساتھ ڈٹے رہے۔ افضل تارڑ کی سیاسی اور پارٹی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ مریم نواز شریف اور محمد نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے مقامی کارکنوں سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، سینیٹر پرویز رشید، ممبر قومی اسمبلی منیبہ اقبال، ارکان پنجاب اسمبلی شاہد بھٹی، میاں عون انتظار بھٹی، میاں انتظار، بلال فاروق، بابر حیات تارڑ، مظفر حسین تارڑ، احمد بخش تارڑ، مختار احمد خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد، ایم پی اے میاں شاہد حسین بھٹی، سیاسی وسماجی شخصیات اور ضلعی انتظامیہ کے افسر بھی موجود تھے۔