کچے کے ڈاکووں کے خلاف کارروائی کا حکم
صدرمملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صدر مملکت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کچے کے علاقے میں آپریشن سے امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ آصف زرداری نے سندھ میں امن و امان برقرار رکھنے میں ناکامی پر متعلقہ افسران کی تبدیلی اور کراچی سیف سٹی پروجیکٹ کو جنگی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایات کے علاوہ کچے کے ڈاکووں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انھوں نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ہدایت کی کہ پولیس افسروں کو مخصوص مدد دے کر ان سے بھرپور کام لیں۔ انھوں نے کچے میں اغوا کاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ آصف زرداری نے واضح کیا کہ زمینوں پر قبضوں پر میری زیرو ٹالرنس ہے، کسی صورت زمینوں پر قبضے کی اجازت نہیں دوں گا۔ کچے کے ڈاکوہی قابو میں نہیں آ ر ہے اور حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔ انھوں نے ریاست کے اندر ریاست قائم کر کے گورننس کی رٹ کو چیلنج کیا ہوا ہے۔ سندھ اور پنجاب پولیس کا مشتر کہ گرینڈ آپریشن بھی ان پر قابو نہیں پاسکا جس سے یہی تاثر پختہ ہورہا ہے کہ کہیں نہ کہیں سے ان کی سر پرستی کی جارہی ہے۔ حکومت نے اپنی رٹ قائم کرنی ہے تو دہشت گردوں کی طرح کچے کے ڈاکووں کے خلاف بھی موثر آپریشن کر کے ان کا قلع قمع کرنا ہو گا اور اگر کوئی بااثر افراد ان کی سرپرستی کررہے ہیں تو ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے تاکہ ریاست کی طرف سے یہ بات پوری طرح واضح کی جاسکے کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والا کوئی بھی ہو، اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔