اپریل میں مہنگائی 3.4، برآمدات 8.67، درآمدات 3.08 فیصد کم ہو گئیں: ادارہ شماریات
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) ادارہ شماریات کے مطابق مارچ 2024ء میں مہنگائی کی شرح 20.7 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی تاہم اپریل میں یہ شرح 3.4 فیصد کمی کے بعد 17.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق اپریل 2023ء میں مہنگائی کی شرح 36.4 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ رواں مالی سال جولائی تا اپریل مہنگائی کی شرح 25.97 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق مارچ کی نسبتاً اپریل میں برآمدات میں 8.67 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ ماہ کے دوران برآمدات کا کل حجم 2 ارب 34 کروڑ ڈالر سے زائد ریکارڈ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق مارچ 2024ء کے دوران برآمدات کا حجم 2 ارب 57 کروڑ ڈالر سے زائد تھا۔ اپریل 2023ء کی نسبت اپریل 2024ء میں برآمدات میں 10.02 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔ رواں مالی سال کے 10 ماہ میں برآمدات میں 9.10 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔ رواں مالی سال جولائی سے اپریل کے دوران 25 ارب 28 کروڑ ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔ گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 23 ارب 17 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی برآمدات ہوئی تھیں۔ اپریل 2024ء میں مارچ کی نسبت درآمدات میں 3.08 فیصد کی کمی ہوئی۔ اپریل 2024ء میں اپریل 2023ء کی نسبت درآمدات میں 58 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا۔ رواں مالی سال کے دس ماہ میں درآمدات میں 4.09 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔ رواں مالی سال جولائی سے اپریل کے دوران 44 ارب 79 کروڑ ڈالر کی درآمدات ہوئیں۔ گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 46 ارب 70 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی درآمدات کی گئی تھیں۔ رواں مالی سال جولائی سے اپریل تک 19 ارب 57 کروڑ ڈالر کا تجارتی خسارہ ریکارڈ کیا گیا۔