• news

چودھری شافع سے ایرانی قونصل جنرل کی ملاقات، تجارتی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال 

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پنجاب اور ایران کے مابین زراعت، لائیو سٹاک، سولر انرجی، زرعی آلات اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی اور تجارتی وفود کے باہمی تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔ ایرانی قونصل جنرل نے چوہدری شافع حسین کو وزارت صنعت و تجارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب اور ایران کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔گیس پائپ لائن منصوبہ وقت کی ضرورت اور اہمیت کا حامل ہے، ایسے معاہدوں اور اقدامات کی ضرورت ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب میں سولر پینلزبنانے کے کارخانے لگیں۔ ایران میں سولر پینلز بن رہے ہیں اس لئے سولر پینلز کی مینو فیکچرنگ میں تعاون بڑھایا جا سکتا ہے۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دوستی کا مضبوط رشتہ موجود ہے۔ ایرانی صدر کے دورے کے دوران باہمی تعاون کے 3معاہدے اور 5 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ۔ ایرانی صدر کے دورے سے تعلقات کے نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی کابینہ متحرک اور کام کرنے کا جذبہ رکھتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن