بلوچستان بارودی سرنگ دھماکے ‘ نوجوان جاں بحق، 2 اہلکاروں سمیت 20 زخمی
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) بلوچستان کے ضلع دکی میں بارودی سرنگ کے 2 دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار سمیت 20 افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹھیکیدار ندی میں کوئلے سے لوڈ ٹرک بارودی سرنگ کی زد میں آنے سے دھماکا ہوگیا جس کی وجہ سے ٹرک کو نقصان پہنچا تاہم سوار افراد محفوظ رہے۔ پہلے دھماکے کے بعد لوگ موقع پر جمع ہوگئے۔ اس ہی دوران دوسرا بارودی سرنگ بھی دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں جائے وقوعہ پر موجود ایک نوجوان جاں بحق جبکہ سی ٹی ڈی کے دو سب انسپکٹر سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے 15 سالہ نوجوان کی شناخت جہانگیرکے نام سے ہوئی، جبکہ زخمی ہونے والوں میں سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر محمد رحیم اور سب انسپکٹر شفاع محمد بھی شامل ہیں۔ زخمی ہونے والے تمام افراد قریبی کوئلہ کان کے مزدور ہیں۔ زخمیوں کو سول ہسپتال دکی میں ابتدائی طبی امداد کے بعد سی ایم ایچ لورالائی اور سول ہسپتال لورالائی منتقل کر دیا گیا۔