مہنگائی کا خاتمہ، معاشی ترقی لائیں گے، سعودی وفد سے تاجروں کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی: وزیراعظم
اسلام آباد+ حافظ آباد (خبر نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف کیساتھ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی ، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ جبکہ ؎؎ وزیر اعظم نے حافظ آباد کے علاقہ کولو تارڑجا کر ایم این اے سائرہ افضل تارڑ کے والد افضل حسین تارڑ کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت بھی کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مرحوم افضل حسین تارڑ پارٹی کے سرگرم رکن اور ہمارے دیرینہ دوست تھے۔ ہمیشہ خدمت کی سیاست کی۔ پارٹی کیساتھ کھڑے رہے۔ وزیر اعظم نے لیگی کارکنوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کے لئے موجودہ حکومت بھرپور کوشش اور اقدامات کررہی ہے اور ان شاء اﷲہم ملک سے مہنگائی کا خاتمہ اور پاکستان میں معاشی ترقی لیکر آئیں گے ۔اس موقع پر سائرہ افضل تارڑا کی اپیل پر شہباز شریف نے یقین دلایا کہ حافظ آباد میں سرکاری گندم خریداری کے کوٹہ کو بڑھایا جائے گا تاکہ کسانوں سے زیادہ سے زیادہ گندم خریدی جاسکے۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خوش قسمت ہے جسے سعودی عرب جیسا خیر خواہ دوست میسر ہے، امید ہے کہ پاکستان کا دورہ کرنیوالے سعودی وفد کے ساتھ پاکستانی کاروباری شخصیات کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔وزیراعظم نے سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات پر مجھ سمیت پوری قوم سعودی قیادت کی شکر گزار ہے۔ سعودی قیادت نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی، جو خوش آئند ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے سعودی وفد کے ساتھ پاکستانی کاروباری شخصیات کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ہوں گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ سعودی فرامانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اسکی ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی انسداد پولیو اقدام کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پولیو کے پاکستان سے مکمل خاتمے کے لیے ہم پْرعزم ہیں، وزیراعظم نے وزارت اطلاعات کو آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں شامل تمام اداروں کا احتساب اور اس عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، ویکسینیشن ٹیمز کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے عالمی انسداد پولیو کیلئے 500 ملین ڈالر کے عطیے کا اعلان خوش آئند ہے، عالمی شراکت داروں کے تعاون اور ملکی اداروں کی انتھک محنت سے پولیو کا مکمل خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ خطے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پاکستان اور افغانستان میں تعاون ہونا ضروری ہے۔ وفد نے انسداد پولیو کے لیے حکومت پاکستان کے عزم پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر کرسٹوفر نے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے دور وزارت اعلیٰ میں انسداد پولیو کے لیے گئے اقدامات سے بے حد متاثر ہیں۔ شہباز شریف