سلیم حیدر پنجاب، فیصل کنڈی خیبر پی کے، جعفر مندوخیل گورنر بلوچستان نامزد
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پی پی کے چئیر مین بلاول نے سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب اور فیصل کریم کنڈی کو خیبر پی کے کا گورنر نامزد کر دیا۔ چیئرمین پی پی نے اس حوالے سے اپنے ایکس پیغام میں کہا توقع ہے نامزد گورنر اپنے فرائض بخوبی انجام دیں گے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان اشتراک کار کے حوالے سے جو نکات طے پائے تھے، ان کے تحت پنجاب اور خیبر پی کے کی گورنر شپ پیپلز پارٹی کو دی گئی تھی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز زرداری ہاؤس اسلام آباد میں سردار سلیم حیدر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، ندیم افضل چن بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی اور سیاسی امور پر بات چیت ہوئی۔ ذرا ئع نے بتایا بلاول بھٹو نے فیصل کریم کنڈی کو بھی زرداری ہاؤس میں طلب کیا تھا تاہم فیصل کریم کنڈی کی اسلام آباد آمد سے پہلے بلاول بھٹو کراچی روانہ ہو گئے جس کے بعد فیصل کریم کنڈی بھی کراچی چلے گئے تاکہ پارٹی کے چیئرمین سے ملاقات کر سکیں۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ بلاول بھٹو نے سردار سلیم حیدر کو پنجاب اور فیصل کریم کنڈی کو خیبر پی کے کا گورنر بنانے کے لئے ہی ملاقات کے لئے بلایا۔ سردار سلیم حیدر نے میڈیا سے بات چیت میں اپنے گورنر نامزد ہونے کی تصدیق کی۔ گورنر کا انتخاب وزیراعظم کے ایڈوائس پر صدر مملکت کرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے اس عمل کو پورا کیا جا رہا ہے۔ سردار سلیم حیدر 2008 میں اٹک سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ 2008 میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں وزیر دفاعی پیداوار بھی رہ چکے ہیں۔ وہ پی ڈی ایم حکومت کا بھی حصہ رہے۔ فیصل کریم کنڈی 2008 کی قومی اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر رہ چکے ہیں جبکہ وہ پی ڈی ایم حکومت میں وزیراعظم کے مشیر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے مجھے خوشخبری سنائی ہے کہ آپ ہمارے گورنر پنجاب ہوں گے۔ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کے جعفر مندوخیل کو گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ سندھ میں گورنر کا عہدہ ایم کیو ایم کے پاس رہے گا۔ شیخ جعفر مندوخیل مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر ہیں۔ جعفر مندوخیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ نوازشریف نے مجھ سے رابطہ کیا اور مجھے گورنر نامزد کرنے کے فیصلہ سے آگاہ کیا۔ صوبے اور وفاق کے درمیان ترقی اور خوشحالی کیلئے پل کا کردار ادا کروں گا۔