• news

حج آپریشن 9 مئی سے 9 جون، پہلے روز 2160 عازمین سعودی عرب جائینگے

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار) رواں برس حج کے لئے عازمین کی روانگی کا آپریشن 9مئی تا 9جون جاری رہے گا، اس حوالے سے فلائٹ شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2024ء کے لیے فلائٹ آپریشن 9مئی تا 9جون ہوگا اور پہلے 15روز تمام پروازیں براہ راست مدینہ منورہ ائرپورٹ پر اتریں گی، جس کے بعد 24 مئی تا 9 جون بیشتر پروازیں جدہ ائرپورٹ پر اتریں گی۔ فلائٹ آپریشن کے پہلے روز 11 پروازوں کے ذریعے 2160 عازمین سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ اسلام آباد سے 3 پروازوں کے ذریعے 680 عازمینِ حج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ کراچی سے 2 پروازوں کے ذریعے 330 مسافر روانہ ہوں گے جبکہ لاہور سے 3 پروازوں کے ذریعے 670 مسافر روانہ ہوں گے۔ اسی طرح ملتان سے 2 پروازوں کے ذریعے 329 عازمین حج سفر کا آغاز کریں گے۔ سیالکوٹ سے ایک پرواز کے ذریعے 151 عازمینِ کرام مدینہ منورہ پہنچیں گے۔ کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 11مئی کو روانہ ہوگی۔ سکھر سے پہلی حج پرواز 27 مئی کو روانہ ہو گی۔ مجموعی طور پر 259 حج پروازوں کے ذریعے 68ہزار سے زائد سرکاری سکیم کے تحت جانے والے عازمینِ حج سعودی عرب پہنچیں گے۔ حج فلائٹ آپریشن کا اختتام 9جون کو ہوگا۔ اس کے بعد 20جون کو پہلی پرواز حجاجِ کرام کو لے کر وطن واپس پہنچے گی۔

ای پیپر-دی نیشن