آڈیو لیکس کیس، آئی بی کی بنچ پر اعتراض واپس لینے کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ سے خارج
اسلام(نوائے وقت رپورٹ)ہائی کورٹ ن آڈیو لیکس کیس میں آئی بی کی بینچ پر اعتراض واپس لینے کی درخواست خارج کر دی۔ جسٹس بابر ستار نے آڈیو لیکس کیس میں بینچ پر اعتراض واپس لینے کی آئی بی کی جانب سے دائر متفرق درخواست پر سماعت کی، جس میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ آئی بی کو آڈیو لیکس میں بینچ پر اعتراض کی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔ جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی اعتراض والی درخواست تو پہلے ہی خارج کی جا چکی ہے۔ آرڈر آئے گا تو وہ آپ کو مل جائے گا۔ آرڈر میں ڈی جی آئی بی کو نوٹس کیا گیا ہے کہ کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ آرڈر میں یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ کس نے درخواست دائر کرنے کی اتھارٹی دی تھی۔ آپ نے جواب دینا ہے وہ آرڈر آنے کے بعد دے دیجئے گا۔ بعدازاں عدالت نے آئی بی کی جانب سے بینچ پر اعتراض واپس لینے کی متفرق درخواست بھی خارج کر دی۔ واضح رہے کہ آئی بی سمیت4 اداروں نے جسٹس بابر ستار پر اعتراض کرتے ہوئے کیس سے الگ ہونے کی درخواستیں دائر کی تھیں۔ پیمرا، پی ٹی اے اور ایف آئی اے کی درخواستیں عدالت نے 5,5 لاکھ روپے کے جرمانوں کے ساتھ خارج کر دی تھیں۔ آئی بی نے دیگر 3 اداروں پر 15 لاکھ روپے جرمانے کے بعد اعتراض واپس لینے کی متفرق درخواست دائر کی تھی۔