• news

گندم بحران پیدا کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائیگا، نوازشریف: وزیراعظم کو پرسوں بلا لیا

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی زیر صدارت جاتی امراء میں اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف نے کہا کہ ملک میں گندم کا بحران پیدا کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ نوازشریف نے گندم سکینڈل پر پیر کو وزیراعظم شہبازشریف کو بلا لیا۔ پیر کے روز وزیراعظم کی طرف سے نوازشریف کو رپورٹ پیش کرنے کا امکان ہے۔ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ آنے پر پنجاب میں گندم خریدنے کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ پنجاب میں کسانوں سے گندم خریدنے کے طریقہ کار کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ کسانوں کو پانچ سو ارب کے کسان کارڈ دیئے جائیں گے۔ نوازشریف نے کہا کہ کسانوں کو کارڈ فوری دیئے جائیں تاکہ کسانوں کو اگلی فصل میں آسانی ہو۔ نوازشریف کو بتایا گیا کہ بحری جہاز گندم لے کر چل پڑے اور منظوری بعد میں ہوئی۔ 25 دن میں پہنچنے والا جہاز منظوری کے سات روز بعد اپنی بندرگاہ پر پہنچ گیا۔ دوسری جانب گندم کی درآمد جاری رکھنے پر تحقیقات کرنے والی کمیٹی 4  روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر سیکرٹری کابینہ ڈویژن کی سربراہی میں کام کرنے والی کمیٹی فروری کے بعد بھی گندم کی درآمد جاری رکھنے کے ذمہ داران کا تعین کرے گی۔ گندم درآمد کی تحقیقات کیلئے وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کمیٹی 4روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی موجودہ حکومت کے پہلے ماہ کے دوران 6لاکھ 91 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے اور درآمد فروری کے بعد بھی جاری رکھنے کی تحقیقات کرے گی۔ کمیٹی سیکرٹری کابینہ ڈویژن کی سربراہی میں کام کرے گی اور گندم کا وافر سٹاک موجود ہونے کے باوجود درآمد جاری رکھنے کے ذمہ داران کا تعین کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن