• news

’را‘ کے جاسوس آسٹریلیا میں گرفتار

بھارتی خفیہ ادارے ریسرچ اینڈ انیلسس ونگ (را) کے ایجنٹس آسٹریلیا میں حساس معلومات چراتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔ امریکا اور کینیڈا میں سفارتکاری کی آڑ میں بھارتی خفیہ ایجنسی کا ایک نیٹ ورک پہلے ہی بے نقاب ہوگیا۔ ایک جانب مودی سرکار نے بھارت کے اندر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف کارروائیاں کررہی ہے تو دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر اس کی جاسوسی اور دہشت گردی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ انتہا پسند مودی کے دور حکومت میں دوسرے ممالک میں دہشت گردی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ کے ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں۔ پاکستان کی سرزمین پر ’را‘ کے دہشت گرد کلبھوشن یادیوکی گرفتاری، بھارت کے وزیر دفاع کا پاکستان کے اندر دہشت گردی کا اعتراف، کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کا قتل اور امریکا میں گرپتونت سنگھ کے قتل کی منصوبہ بندی جیسے واقعات بھی یہی بتاتے ہیں کہ بھارت ایک دہشت گرد اور امن دشمن ریاست ہے۔ تازہ واقعے میں 30اپریل کو بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹوں کو آسٹریلوی ہوائی اڈے اور دیگر حساس دفاعی اور تجارتی علاقوں کی جاسوسی میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ادھر، اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا ماورائے قانون قتل کا نیٹ ورک دنیا میں پھیل گیا ہے۔ پاکستان بارہا عالمی سطح پر بھارتی نیٹ ورک اور اس کے عزائم کو بے نقاب کرچکا ہے۔ اگر بھارت کو فی الفور نکیل نہ ڈالی گئی تو اس کے حوصلے مزید بلند ہو جائیں گے اور پھر اس کے شر سے کوئی محفوظ نہیں رہ سکے گا۔

ای پیپر-دی نیشن