بجلی چوری: حافظ آباد میں مقامی لیگی رہنما عابد چٹھہ کیخلاف 5 مقدمات، کامونکی، 2 گرفتار
حافظ آباد+ کامونکی+ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+ این این آئی) ایف آئی اے نے مسلم لیگ (ن) حافظ آباد کے ضلعی سیکرٹری جنرل عابد احسان چٹھہ کے خلاف کروڑوں روپے کی بجلی چوری میں ملوث پائے جانے پر 5مقدمات درج کرلئے ۔ فش فارمز پر نصب میٹروں میں سوراخ اور ٹیمپرنگ کرکے عرصہ دراز سے بجلی چوری کی جارہی تھی۔ جبکہ دوسری جانب فیسکو نے ٹیوب ویلز پر نصب تمام ٹیمپرنگ شدہ بجلی کے میٹروں کو اتار کر قبضہ میں لے لیا۔ تاحال عابد احسان چٹھہ کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیگی سیکرٹری جنرل عابد احسان چٹھہ سکنہ علائوالدین کے نے موضع چتروڑ اور کھجی کے علاقہ میں مچھلی فارمز بنا رکھے تھے جہاں پر ان فارمز کو سیراب کرنے والے ٹیوب ویل کے میٹروں کی ٹیمپرنگ اور سوراخ کرکے مبینہ طور پر ان سے کروڑوں روپے کی بجلی چوری کی جارہی تھی جس پر فیسکو کی ٹیم نے ایس ڈی او حافظ احمد طارق کی سربراہی میں وہاں پرچھاپے مار کر عابد احسان چٹھہ کو وسیع پیمانے پر بجلی میں چوری میںملوث پایا اور فش فارمز سے تمام بجلی کے میٹرز اتارکر قبضہ میں لے لئے۔ فیسکو ریجن سے 25 بجلی چور پکڑے گئے۔ لیسکو ریجن میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔ 24 گھنٹے میں لیسکو کی حدود میں 329 افراد بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ 150 کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ اور واہنڈو پولیس نے گیپکو کے ایس ڈی اوز تنزیل ممتاز اور صدام حسین کی درخواستوں پر ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرنے والے نواحی گاؤں سکھانہ باجوہ کے سفیان اور ٹبہ محمد نگر کے ریاست کیخلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔