امریکی سفیر کا دورہ لاہور ،نئی حکومت کے عہدیداروں سے ملاقات
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے یکم سے تین مئی تک لاہور کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے پنجاب کی نئی حکومت کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور امریکہ اور پاکستان کے اشتراک کار کو مضبوط کرنے کے حوالہ سے صوبہ میں دستیاب تعاون کے مواقع کی نشاندہی پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق سفیر بلوم کی ملاقاتوں اور سرگرمیوں میں آئی ٹی، صحت اور ثقافت کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے مابین تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز رہی۔ لاہور میں متعین امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز بھی سفیر بلوم کی مصروفیات میں ان کے ساتھ شریک رہیں۔ پاکستانی حکام کے ساتھ اپنی معمول کی رابطہ کاری کے سلسلہ میں سفیر بلوم نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف، پنجاب اسمبلی کے اسپیکراور نگران گورنر ملک محمد احمد خان، اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر سے ملاقاتیں کیں۔ ڈونلڈ بلوم نے اس امر کو اجاگر کیا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ پنے تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید تقویت دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ دریں اثنا، انہوں نے امریکہ۔ پاکستان گرین الائنس فریم ورک کے تحت کی جانے والی کوششوں کے مرتب ہونے والے مثبت اثرات کا بھی ذکر کیا اور مستقبل میں تعاون کے مزید مواقع کی نشاندہی پر بھی گفت و شنید کی۔سفیر نے آئی ٹی اور صحت کے شعبوں میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان جاری تعاون کے بارے میں مزید جاننے کے لیے سسٹمز لمیٹڈ اور ریمنگٹن فارماسیوٹیکلز کے دفاتر کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر پر انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت پاکستان میں غذائی قلت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے تقریبا ساڑھے آٹھ کروڑ ڈالر کی رقم فراہم کر رہی ہے، جس میں شدید غذائی قلت کا شکار بچوں کے علاج کے لیے ایک کروڑ بیس لاکھ ڈالر بھی شامل ہیں۔