• news

حمزہ شہباز سے شعیب صدیقی کی ملاقات،سیاسی صورتحال و معاشی بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال  

لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے ملاقات کی ۔ جنرل سیکرٹری پنجاب آئی پی پی شعیب صدیقی کی دفتر آمد پر سینئر رہنما (ن) لیگ کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا جبکہ شعیب صدیقی کی جانب سے حمزہ شہباز کو گلدستہ پیش کیا گیا۔ دونوں رہنمائوںنے ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال و معاشی بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ حمزہ شہباز نے حلقہ پی پی 149سے دو بار شاندار کامیابی پر شعیب صدیقی کو مبارکباد دی ۔ شعیب صدیقی نے دونوں انتخابات میں (ن) لیگ کی جانب سے معاونت پر اظہار تشکر کیا ۔ حمزہ شہباز نے آئی پی پی پنجاب کی سطح پر ذمہ داریاں سنبھالنے پر شعیب صدیقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ دونوں رہنمائوں نے مستقبل میں سیاسی اتحاد کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کا سیاسی اتحاد قوم کے مفادات اور تحفظ کی ضمانت ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن