گندم انکوائری رپورٹ کا انتظار کرنا چاہئے، کاکڑ کے بیان کی اہمیت نہیں: احسن اقبال
شکرگڑھ (نامہ نگار) وفاقی وزیر احسن اقبال نے سینئر صحافی ملک یونس کی بیٹی ڈاکٹر رحما ملک کی شادی میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سابق نگران وزیر اعظم کاکڑ کے بیان کی کوئی اہمیت نہیں، انتخابات منصفانہ ہوئے۔ گندم بحران کی تحقیقات جاری ہیں۔ گندم باہر سے درآمد کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ ایسا کیوں ہوا کس نے کیا۔ انکوائری رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیے۔ احسن اقبال نے کہا سابق ہو چکے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے بیان کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ 8 فروری کے الیکشن کو تمام جماعتوں نے تسلیم کر لیا۔ منتخب اسمبلیوں نے حلف اٹھا لیا، سپیکر، ڈپٹی سپیکر تک کے حلف ہو گئے۔ جس جماعت کا جہاں مینڈیٹ تھا وہاں حکومت بنا لی، احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ کے ایسے معاملات اٹھانے سے ملک میں بد امنی اور انتشار پیدا ہو گا۔ ہمیں 2029ء تک اپنے اپنے مینڈیٹ کے مطابق چلنا چاہیے۔ پاکستان کو اس وقت معاشی چیلنجز کاسامنا ہے۔ معاشی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمیں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے۔ رانا ثناء اللہ اور اسحاق ڈار کی کابینہ میں شمولیت سے ن لیگ کی تقسیم کی افواہیں دم توڑ گئیں۔ وزیر اعظم کے معاشی بحالی کے فیصلوں کے پیچھے پوری (ن) لیگ کھڑی ہے۔گندم بحران پر کہا گندم بحران کی صورتحال ہمیں ورثہ میں ملی ہے۔ ہمارے گودام بھرے ہوئے ہیں۔ جب فصل مارکیٹ میں آئی تو اسی وقت کراچی میں جہاز لنگر انداز ہو گئے۔ گندم کے معاملے پر وزیر اعظم نے انکوائری کمیٹی قائم کی۔ رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیے۔ جلد حقائق سامنے آجائیں گے۔