لاہور‘ لاکھوں کی وارداتیں‘ شیخوپورہ میں بیوپاری ڈاکوؤں نے قتل کر دیا
لاہور + شیخوپورہ (نامہ نگار + نمائندگان) ڈاکوؤں اور چوروں نے چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ شیخوپورہ میں مویشی بیوپاری کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے جنوبی چھاؤنی کے علاقے میں ابراہیم کے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر6 لاکھ20 ہزار روپے مالیت کی نقدی، موبائل فون، طلائی زیورات اور دیگر سامان، ہنجروال کے علاقے میں جلیل کی فیملی سے 4 لاکھ 30ہزار روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور موبائل فون، گرین ٹاؤن کے علاقے میں منصور سے 3لاکھ 26 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، لیاقت آباد کے علاقے میں کاشف سے اسلحہ کے زور پر 2لاکھ 42 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، ہئیر کے علاقے میں مقصود سے2 لاکھ 5 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، مصطفی آباد کے علاقے میں سلیمان سے 98ہزار روپے نقدی اور موبائل فون،گجر پورہ کے علاقے میں زاہد سے 80 ہزار روپے اور موبائل فون، سندر کے علاقے میں غفور سے50 ہزار روپے اور موبائل فون، ٹاؤن شپ کے علاقے میں طاہر سے14 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ چوروں نے فیصل ٹاؤن کے علاقے میں فہیم کے گھر کے تالے توڑ کر 5 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات و دیگر سامان چوری کر لیا۔ چوروں نے گلبرگ، جنوبی چھاؤنی اور قلعہ گجر سنگھ کے علاقوں سے3گاڑیاں، ہنجروال کے علاقے سے رکشہ جبکہ اسلام پورہ، وحدت کالونی، سبزہ زار، جوہر ٹاؤن، لیاقت آباد، باغبانپورہ اور شالیمارکے علاقوں میں سے 7 موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ دریں اثنائشیخوپورہ میں تھانہ سٹی بی ڈویژن کے علاقہ میں گوجرانوالہ روڈ انڈر پاس کے قریب تین موٹر سائیکلوں پر سوار چھ مبینہ ڈاکوؤں نے مردان سے شیخوپورہ کی مویشی منڈی میں قربانی کے جانور خریدنے کے لیے آنے والے تاجروں قیصر خان، زبیر خان اور تیمور خان سمیت رکشہ میں سوار ڈرائیور کو روک لیا۔ اس دوران رکشہ ڈرائیور تو فرار ہو گیا جبکہ ملزموں نے قیصر خان سے 40 ہزار روپے تیمور خان سے تین لاکھ روپے بختیار سے ایک لاکھ روپے اور زبیر خان سے 29 لاکھ روپے چھین لیے۔ ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے زبیر خان کو شدید زخمی کر دیا، جس کو ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ پولیس نے سات بچوں کے باپ کے قتل کا مقدمہ چھ ملزموں کے خلاف درج کر لیا۔ ملزموں میں عاقل اور اسلام وغیرہ شامل ہیں۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد تاجر کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔