باٹا پور: 12 سالہ بچہ ایلیٹ فورس کی گاڑی تلے کچل جانے سے جاں بحق‘ عوام کا احتجاج
لاہور (نامہ نگار) باٹا پور کے علاقے میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ ہیڈ کوارٹرکی سکیورٹی پر مامور ایلیٹ فورس کی تیز رفتار گاڑی نے 12سالہ بچے کو کچل کر ہلاک کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق باٹا پور کے علاقے الرحمان گارڈن میں رہائش پذیر 12سالہ بچہ ریحان چیز لینے کے لئے دکان پر جا رہا تھا کہ ایلیٹ فورس کی تیز رفتار گاڑی نے ریحان کو کچل کر شدید زخمی کر دیا۔ بچے کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ بچے کی ہلاکت پر ورثاء اور اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے کینال روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی مین روٹ کی بجائے الرحمان گارڈن فیز 4 کے قریب داخلی راستہ استعمال کرتی ہے۔ سی ٹی ڈی والے مین راستہ جلو والا اختیار نہیں کرتے بلکہ سوسائٹی میں سے آندھی طوفان کی طرح گاڑی نکالتے ہیں۔ جس وجہ سے یہ حادثہ رونما ہوا ہے۔ دریں اثناء پولیس نے ایلیٹ پولیس گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔