• news

گورنر کی حلف برداری میں جانا وقت کا ضیاع تھا: علی امین گنڈا پور

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپی کے  علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ فارم 47 کی حکومت اور ان کے غیر قانونی نوٹیفائیڈ گورنر کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔گورنر خیبر پی کے  فیصل کریم کنڈی کی تقریب حلف برداری میں شریک نہ ہونے سے متعلق وزیراعلیٰ نے کہا کہ گورنرکی حلف برداری  تقریب اتنی ضروری نہیں تھی کہ اپنا وقت ضائع کرتا، اس سے قبل بھی  فارم 47 پرآنے والوں کی حلف برداری میں شرکت نہیں کی۔ دوسری جانب گورنر خیبر پی کے  فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ  صوبائی کابینہ اور وزیراعلیٰ کو حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی تھی مگر شاید وزیراعلیٰ مصروفیات کی وجہ سے تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے بطور گورنر خیبر پی کے  عہدے کا حلف لیا تھا۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے ان کے عہدے کا حلف لیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن