سب آئینی دائرہ میں کام کرینگے تو پاکستان آگے بڑھے گا، ایمل ولی: اے این پی کے بلامقابلہ صدر منتخب
پشاور (آئی این پی+ نیٹ نیوز) سینئر سیاستدان اسفندیار ولی خان کے صاحبزادے ایمل ولی خان عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر منتخب ہو گئے۔ اے این پی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں ایمل ولی خان عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر جبکہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ سلیم خان اے این پی کے جنرل سیکریٹری منتخب ہوگئے۔ اس کے علاوہ سردار حسین بابک پارٹی سیکریٹری خارجہ امور اور انجینئر احسان سیکرٹری اطلاعات بن گئے۔ ڈاکٹر میرب اعوان پہلی بار مرکزی سیکرٹری برائے خواجہ سرا حقوق منتخب ہوئے۔ جنرل کونسل کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر افتخار حسین کی زیر صدارت باچا خان مرکز میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق ایمل ولی کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہ کرائے۔ ایمل ولی نے کہا 18 ویں آئینی ترمیم پختونوں اور تمام چھوٹی قومیتوں کیلئے زندگی کی بنیاد ہے، یہ خطرات سے دو چار، اس پر حملے ہوئے ہیں۔ تمام ادارے آئینی دائرہ اختیار میں رہ کر کام کریں گے تو پاکستان آگے بڑھے گا۔ ہمیں معلوم ہے ان لوگوں کیلئے آئین ایک کاغذ کا ٹکڑا ہے۔ پختونوں کو غلامی کی جس نہج پر پہنچایا گیا وہ سب کو معلوم ہے۔ یہ بات مرکزی کونسل سے خطاب میں کہی۔