ایران سے تیل کی سمگلنگ میں اضافہ، روزانہ 62 کروڑ روپے کا نقصان
شیخوپورہ (سلطان حمید راہی سے) ایرانی تیل کی پاکستان میں سمگلنگ کے بارے میں ہوشربا انکشاف سامنے آرہے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عام انتخابات کے بعد ایرانی تیل کی سمگلنگ میں اضافہ ہوا ہے اور قومی خزانے کو ماہانہ227 ارب روپے نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ پاکستان میں ایرانی تیل سالانہ 2ارب 80کروڑ لیٹر سمگل کیا جا رہا ہے جس کے مطابق روزانہ قومی خزانے کو 62کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایرانی تیل پاکستان کے 533پمپوں پر کھلے عام فروخت کیا جا رہا ہے۔ تیل کی سمگلنگ میں مختلف محکموں کے کرپٹ اہلکار، ارکان اسمبلی، سابق صوبائی وزراء اور سیاستدان ملوث ہیں جبکہ پنجاب اور سندھ میں چیک پوسٹوں پر بھاری نذرانے دے کر ایرانی تیل شیخوپورہ، خوشاب اور دیگر اضلاع میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ ضلع شیخوپورہ کے علاقہ ماچھیکے میں متعدد کمپنیوں کے بڑے پیمانے پر آئل ڈپو موجود ہیں، اکثر لوکل کمپنیوں کے ڈپوز میں ایرانی تیل بھی فروخت ہو رہا ہے۔