• news

ماموں کانجن: مبینہ زہریلی پھکی سے ماں 3 کمسن بیٹیوں، بھتیجی کی ہلاکت، مقامی پنسار گرفتار

ماموں کانجن+ فیصل آباد+سرگودھا (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) مبینہ زہریلی پھکی کھانے سے ماں تین کمسن بیٹیوں اور ایک بھتیجی سمیت جاں بحق ہو گئی۔ 5میتیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ پولیس نے مرنے والی خاتون کے خاوند مظہر علی دلو کی مدعیت میں پنسار کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا جس سے مبینہ طور پر پھکی خریدی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شام تھانہ گڑھ کے علاقہ بستی جموں دلو میں مظہر دلو نامی شخص کی اہلیہ شمیم اور تین بیٹیوں 3سالہ فرزانہ، 4سالہ اقصی، 5سالہ رخسانہ اور8سالہ بھتیجی مسکان کی اچانک طبیعت خراب ہو گئی۔  پیٹ میں درد  ہوا اور الٹیاں آنے لگیں اور منہ سے جھاگ آنے لگی جن میں سے ایک بچی مسکان تھوڑی دیر بعد قریبی نجی ہسپتال پہنچ کر جاں بحق ہو گئی۔ باقی تین بچیوں اور ان کی ماں کوفوری طور پرسول ہسپتال ساہیوال لیجایا گیا جہاں وہ تمام دم توڑ گئیں۔  ڈاکٹروں نے ہلاکتیں زہرخورانی کے باعث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے تاہم حقیقت پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آسکے گی۔ تاہم گھر کے سربراہ مظہر دلو نے الزام لگایا  کہ اس کی بیٹیوں اور بیوی کو کئی روز سے نزلہ زکام تھا جنہوں نے قریبی کلیانوالا چوک میں قائم ایک پنسار عبدالوہاب لونا سے پھکی نما دوائی لی جسے کھانے کے بعد اس کی اہلیہ شمیم اور بچیوں کی حالت غیر ہوگئی جنہیں فوری ہسپتال لیجایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ دریں اثناء  پنسار عبدالوہاب کے قریبی ذرائع کے مطابق عبدالوہاب نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے کہ اس نے مذکورہ متاثرہ خاندان کو کسی بھی قسم کی کوئی پھکی یا دوائی دی۔  اسے ناحق پھنسایا جارہا ہے ۔سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ماں اور اس کی بچیوں کی ایک ساتھ اموات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔  سی پی او اور ڈی آئی جی فیصل آباد نے وقوعہ پر پہنچ کر تمام پہلوؤں پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔

ای پیپر-دی نیشن