آسٹریلیا ، چاقو سے حملہ کرنے والے نوجوان کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا
پرتھ(آئی این پی ) آسٹریلیا کی پولیس نے کہا ہے کہ جنوبی شہر پرتھ میں ایک شخص پر چاقو سے وار کرنے والے لڑکے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ۔ پولیس کے مطابق 16 سالہ لڑکے نے کچن کی چھری اٹھائی ہوئی تھی اور وہ آن لائن ذرائع سے انتہا پسندی کی جانب راغب تھا۔ جنوبی شہر پرتھ کے علاقے ولٹن میں یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ 16 سالہ لڑکے نے متاثرہ شخص کی پیٹھ میں چاقو گھونپا۔حکام کے مطابق متاثرہ شخص کو ہسپتال پہنچایا گیا تھا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں دہشت گردی کا عنصر موجود ہے تاہم اسے دہشت گردی نہیں قرار دیا۔آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی ایلبانیز نے کہا ہے کہ انہیں پولیس اور انٹیلیجنس ایجنسیوں نے واقعے پر بریفنگ دی ہے اور کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ہم امن پسند قوم ہیں اور شدت پسندی کے لیے آسٹریلیا میں کوئی جگہ نہیں ہے۔