• news

پاکستان کو کسی طور کم نہیں سمجھنا چاہیے اس کا مستقبل روشن ہے:سردار مسعود خان  

لاس اینجلس(این این آئی)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو کسی طور کم نہیں سمجھنا چاہیے اس کا مستقبل روشن ہے ،ہم خطے کا اگلا ٹیک حب بننے کی جانب رواں دواں ہیں، پچھلے چند سالوں میں ہماری ٹیک انڈسٹری میں تیزی سے ترقی ہوئی ہے، ہماری معیشت کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے اور ہم نے نہ صرف کاروباروں کو سہولت فراہم کرنے بلکہ انہیں بہت زیادہ منافع بخش بنانے کے لیے اصلاحات کا ایک جامع سلسلہ شروع کیا ہے، ہم اپنے قومی عزم ، پاکستانی تارکین وطن کی مدد اور امریکہ جیسے دوستوں کی حمایت سے معاشی طور پر کامیاب ہوں گے۔سفیر مسعود خان نے یہ باتیں امریکی کاروباری رہنماؤں، کاروباری شخصیات، بینکرز اور لاس اینجلس کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔صدر لاس اینجلس ایریا چیمبرز ماریہ ایس سیلیناس سے گفتگو کرتے ہوئے، سفیر مسعود خان نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان میں تقریباً اسی امریکی کمپنیاں منافع بخش کاروبار کر رہی ہیں۔ ان میں زیادہ تر فارچیون 500 میں شامل ہیں۔ ان کمپنیوں میں پیپسی، کوکو کولا، جنرل الیکٹرک، ایبٹ، پراکٹر اینڈ گیمبل، ہنی ویل، اوریکل، مائیکروسوفٹ، ڈیل، کیٹر پلر، میکڈانلڈ، پیزا ہٹ، ڈومینو پیزا وغیرہ شامل ہیں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کریں۔ایل اے ایریا چیمبر کیلیفورنیا کا سب سے بڑا چیمبر آف کامرس ہے۔ چیمبر 136 سالوں سے کاروباری برادری کی سربراہی کر رہا ہے اور 35 شعبوں میں 1400 سے زائد کمپنیاں اس کی ممبر ہیں۔پاکستان میں اربوں کی خلیجی سرمایہ کاری پر روشنی ڈالتے ہوئے سفیر پاکستان نے امریکی تاجر برادری کو خلیجی ممالک کے ساتھ ہاتھ ملانے اور پاکستانی معیشت میں موجود مواقع سے مکمل طور پر فائدہ اٹھانے کے لیے سہ فریقی شراکت داری قائم کرنے کی دعوت دی۔

ای پیپر-دی نیشن