پی ایچ اے نے ناصر باغ میں ’’عوامی سکلپچر گارڈن‘‘ قائم کر دیا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی نے تاریخی ناصر باغ میں عوامی سکلپچر گارڈن کا آغاز کر دیا تاکہ تفریحی مقامات بشمول باغات کو ثقافت سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ ترجمان نے بتایا کہ سکلپچر گارڈن کے منصوبہ کے تحت آرٹ کے مختلف مجسمے خوبصورتی سے سجائے جائیں گے تاکہ شائقین قدرتی ماحول کے ساتھ آرٹ سے بھی لطف اندوز ہو سکیں۔ اس منصوبہ کی تکمیل کے لیے عمران قریشی، ریشم حسین سید، اور رشید رانا جیسے معروف فنکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ یہ مجسمے مٹی، گھاس اور دوسرے ماحول دوست مواد سے بنائے جائیں گے تاکہ ناصر باغ کی قدرتی حیثیت متاثر نہ ہو۔